کھالاجات کی اصلاح

پنجاب میں تین سطی آبپاشی کے نظام میں 58،500 سے زیادہ کھالاجات شامل ہیں۔ یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ نامناسب دیکھ بھال اور بوسیدہ ہوجانے کے باعث ان صدیوں پرانے  کھالاجات میں آب پاشی کے پانی کا ایک بڑا حصہ (تقریباً 40 فیصد)  ضائع ہو جاتا ہے ۔

پانی کےضیاع کی وجوہات

پانی کے ضیاع  کے اسباب  میں پانی کا زمین میں جذب ہونا، کھالاجات کے کناروں سے اخراج وغیرہ ہیں جن کے پیچھے درج ذیل عوامل کارفرما ہیں:

  • غیر فنی طریقوں سے کھالاجات کے کناروں کی بے قاعدہ  ترچھی اصلاح و پختگی
  • کھالاجات کے کراس سیکشن کا متغیر ہونا
  • بھل جمع ہونے کے باعث  پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ اور کناروں کے اوپر سے بہاؤ
  • درختوں، جھاڑیوں اور پودوں کا کھالاجات میں اگاؤ
  • چوہوں اورفارم کےجانوروں کی وجہ سے ہونے والا نقصان
  • پانی کے لیے کناروں کا بار بار کٹاؤ

کھالاجات کی اصلاح کا طریقہ کار

کھالاجات کی اصلاح کا عمل کمیونٹی کھالاجات کو مکمل طور پر مسمار کرکے انجینٔرنگ ڈیزائن کے مطابق دوبارہ تعمیر کرنے پر مشتمل ہے تاکہ پانی کے ترسیلی نظامِ کو بہتر بنا کر دورانِ ترسیل رساؤ  میں ہونے والے ضیاع کو کم کیا جاسکے۔ نہری اور ٹیوب ویل کے پانی کی ترسیل کو بہتر بنانے کے لیے دوبارہ تعمیر اور اصلاح کی جاتی ہے اور پانی کنٹرول کرنے والے ڈھانچوں کی تنصیب کی جاتی ہے۔اصلاحِ آبپاشی کے گزشتہ اورجاری منصوبوں کے تحت ہونے والی پختگی مستطیلی شکل کا کھال ہے جو ڈبل اینٹوں کی چنائی والی دیواروں (23 سینٹی میٹر) اور اینٹوں کی چنائی کے بیڈ (7 سینٹی میٹر)پر مشتمل ہوتا ہے جس میں  دیواروں کے اندر اور اس کے اوپر پلستر کیا ہوتاہے۔ یہ ڈیزائن پائیدار اور نصب کرنے میں آسان ثابت ہوا ہے۔ پختگی کی دوسری اقسام جیساکہ کنکریٹ (پری کاسٹ پیرابولک لائننگ)، آرسی سی پائپ، پلاسٹک  پائپ وغیرہ بھی کاشتکاروں کے انتخاب،   فیلڈ کی صورتحال اور قیمت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنایا  جاتا ہے۔

 

نکوں کی تنصیب

آبپاشی کے عمل میں مشقت کو کم کرنے ، پانی کو کنٹرول کرنے ، کھالاجات کو رساؤ اور دیگرنقصان سے بچانے اور خاص طور پر پانی کی  چوری  کو کم کرنے  کے لیےمنظور شدہ مقامات پر نکوں کی تنصیب کی جاتی ہے۔ عام حالات میں، ایسی  25 ایکڑ زمین جو ہموار ہو اور ایک یا دو کاشتکاروں کی ملکیت ہو ، کے لیے صرف ایک نکے کی تنصیب کافی ہوتی ہے۔ تاہم  ایسی زمینیں جو بار بارتقسیمِ  ملکی ، سماجی مسائل اور ناہموار ساخت کی وجہ سے چھوٹے چھوٹےٹکڑوں پر مشتمل ہوں  ، وہاں اضافی نکے بھی مہیا کیے جا سکتے ہیں۔ مزید برآں، گزرگاہوں پر پلیاں تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ محدود تعداد میں، ڈھانچے، جانوروں کے پانی پینے یا نہانے کی جگہ ، کپڑے دھونے کی جگہ/پتن وغیرہ  مہیا کیے جاتے ہیں۔ کپڑے دھونے کی جگہوں اور گاؤں میں گزرنے والے کھالاجات کی اصلاح سےعوام کو صحت کے  اضافی فوائد حاصل ہوں گے۔

 انتخاب کا طریقہ کار

فی الحال، کھالاجات کی اصلاح کے  لئے درج ذیل طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے:

  • ایسے کھالاجات جن کی پہلے اصلا ح نہ کی گئی ہو یا ایسے کھالاجات جو 50 فیصد سے کم پختہ کیے گئے ہوں

  • کاشتکارانجمن اصلاحِ آبپاشاں تشکیل دینے اور لاگت کے اشتراک پر راضی ہوں

  • کھال کے حصہ داران پختگی کا کام شروع ہونے سے کھال کے کچے حصے کی دوبارہ تعمیر اور پختہ کھالاجات کی مرمت پر اتفاق کرتےہوں

اصلاح  کیے جانےکے لیے کھالاجات کے مندرجہ ذیل شرائط پر پورا اترنے والے حصے منتخب کیے جاتے ہیں۔

  • ہیڈ کا حصہ جہاں  زیادہ سے زیادہ پانی کا بہاؤ ہو

  • اونچائی والے حصے جو رساؤ ، کناروں کے اوپر سے بہاؤ کاشکار ہوں

  • گاؤں / سڑکوں میں سےگزرنے والے کھالاجات کا حصہ                                                    

  • ریتیلی  زمین سے گزرنے والے حصے

لاگت کی تقسیم

حکومت تعمیراتی سامان کی پوری قیمت مہیاکرنے کے ساتھ ساتھ تکنیکی  معاونت اور رہنمائی بھی فراہم کرتی ہے جبکہ مستفید ہونے والے کاشتکار غیر/ جزوی اصلاح شدہ کھالاجات کی اصلاح کے لیے راج مزدوری ادا کرتے ہیں۔  کاشتکار مندرجہ ذیل کاموں کے لیے راج اور مزدور مہیا   کرتے ہیں۔

  • کچے کھالاجات کو مسمار کرکے ان کی  تعمیر نوکرنا
  • کھال کی پختگی والے حصے کے لئے کھدائی کرنا
  • پختہ کیے گئے کھال  اور نصب کیے گئےنکوں کے دونوں طرف مٹی چڑھانا

فوائد

  • کھالا جات کی اصلاح سے 229 ایکڑ فٹ پانی کی  سالانہ بچت
  • جزوی اصلاح و پختگی سے 164 ایکڑ فٹ پانی کی  سالانہ بچت
  • آبپاش سیکموں کی اصلاح سے 55 ایکڑ فٹ پانی کی سالانہ بچت
  • کثرتِ فصل میں 9 فیصد اضافہ
  • فصل کی پیداوار میں 31 فیصد اضافہ
  • پانی کی چوری  میں کمی اور تنازعات کا حل
  • پیداوار میں 30 لاکھ روپے فی کھال سالانہ اضافہ

مالی اعانت / فنی معاونت کا  طریقہ کار

  • جاری منصوبے کے تحت اصلاحِ آبپاشی کی سرگرمیوں کے لیے مالی/ فنی معاونت حاصل کرنے کے لیے درج ذیل ہدایات پر عمل کریں۔

  • مجوزہ درخواست فارم ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاحِ آبپاشی)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (اصلاحِ آبپاشی)کے دفتر سے مفت حاصل کریں یا محکمہ زراعت کے شعبہ اصلاحِ آبپاشی کی ویب سائٹ  سے ڈاؤن لوڈ کریں۔

  • ​مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاحِ آبپاشی) کے دفاتر سے رابطہ کریں۔