زمین کی ہمواری بزریعہ لیزر لینڈ لیولنگ

پانی کی بڑھتی ہوئی کمی نے ماہرین  کو دستیاب پانی کے محدود وسائل کے بہتر استعمال کے طریقوں کی تیاری پر مجبور کردیا ہے۔پانی کی کمی پر قابو پانے کا بہترین حل فارم کی سطح پر پانی کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ درست ہمواری زمین ایک مشینی طریقہ کار ہے جس میں 2 سینٹی میٹر سے بھی کم فرق کے ساتھ ڈھلوانی یا غیر ڈھلوانی طریقے پر زمین کی درست اور برابرہمواری کی جاتی ہے۔عام طور پر، زمین کی ہمواری  روایتی طریقے سے کی جاتی ہے جس میں بالٹی کی طرح کے سائل سکریپرز اور ٹریکٹر  کے پیچھے نصب کیے گئے بلیڈز کی مدد سے مٹی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچایا جاتا ہے۔ لیکن یہ ایک تھکا دینے والی اور درست گریڈپر ہمواریٔ زمین نہ کرنے والی تکنیک ہے۔ 

ٹیکنالوجی (لیزر لینڈ لیولنگ)

زمین کی ہمواری  بذریعہ لیزر لینڈ لیولنگ ٹیکنالوجی فصلوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور پانی کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے سب سے بہترین انتخاب ہے۔ شعبہ اصلاح آبپاشی نے 1985 میں ہمواریٔ زمین بذریعہ لیزر ٹیکنالوجی  کومتعارف کروایا۔ یہ انتہائی کم وقت میں زبردست طریقے سے زمین کی درست ہمواری کرنے والی بہترین استعدادِ کار کی حامل ٹیکنالوجی ثابت ہوئی ہے۔

لیزر لینڈ لیولنگ سسٹم کے اجزاء

لیزرلینڈ لیولر کے اجزاء میں  ٹرانسمیٹر، سگنل ریسیور، برقی کنٹرول پینل اور سولینائڈ ہائیڈرالک کنٹرول والو شامل ہیں۔ لیزر لینڈ لیولر جدید اور خود کار نظام سے مزین ایک سسٹم ہے جس میں ٹرانسمیٹر کو کھیت کے مناسب حصے میں نصب کیا جاتا ہے۔ جو سطح زمیں سے دو یا تین میٹر اوپر لیزر شعاعوں کا اخراج کرتا ہے۔ یہ شعائیں پورے کھیت کے متوازی ایک دائرہ میں گھومتی رہتی ہیں۔ ایک ریسور سیٹ، جو ٹریکٹر کے پیچھے سکریپر کے اوپر نصب ہوتا ہے، ان شعاعوں کو موصول کرتا ہے اور اس جگہ پر کھیت کی مطلوبہ ہمواری کے فرق کا سگنل ٹریکٹر پر منسلک کنٹرول پینل کے ذریعے خودکار طریقے سے ٹریکٹر کے ہائیڈرالک سسٹم کو منتقل کرتا ہے اور اس طرح ٹریکٹر کے پیچھے جوڑے گئے لیزر سکریپر کے خود بخود اوپر نیچے ہونے سے زمین ہموار ہو جاتی ہے۔

فوائد

ہمواریٔ زمین کے لیے لیزر لینڈ لیولنگ ٹیکنالوجی بہت مفید ثابت ہوئی ہے کیونکہ یہ لاگت کو کم کرتی ہے،انتہائی کم وقت میں زبردست طریقے سے زمین کی درست ہمواری کرتی ہے، آبپاشی کا پانی بچاتی ہے، بیج کے یکساں اگاؤکو یقینی بناتی ہے، کھادوں کی استعدادِ کار میں بہتری لاتی ہےاور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کرتی ہے۔  ’’پنجاب میں آبپاش زراعت  کی بہتری کا منصوبہ ‘‘کے تحت پڑتالی نمائندوں کی جانب سے 2018 میں کی جانے والی تحقیق میں درج ذیل نتائج اخذ کیے گئے ہیں۔

  • 25  فیصد تک پانی کی   بچت
  • فصلوں کی پیداوار میں 23 فیصد  تک اضافہ
  • کھادوں کی استعدادِ کار میں 11 فیصد تک اضافہ
  • فارم لیبر میں 180 فیصد تک بچت
  •  تقریباً 410,00 روپے سالانہ ریونیو کا حصول

مالی اعانت

حکومت  پنجاب  اب تک  11،500کسانوں / خدمات فراہم کرنے والوں کو لیزر لینڈ لیولنگ یونٹس کی خرید کے لیے سبسڈی فراہم کر چکی ہے۔ فی الحال حکومت کی طرف سے پنجاب  کےآبپاش علاقوں میں کسانوں / خدمات فراہم کرنے والوں کو 250,000روپے فی یونٹ مالی اعانت فراہم کی جا رہی ہے۔

مالی اعانت / فنی معاونت حاصل کرنے کا طریقہ کار

  • جاری منصوبے کے تحت اصلاحِ آبپاشی کی سرگرمیوں کے لیے مالی/ فنی معاونت حاصل کرنے کے لیے درج ذیل ہدایات پر عمل کریں
  • مجوزہ درخواست فارم ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاحِ آبپاشی)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (اصلاحِ آبپاشی) کے دفتر سے مفت حاصل کریں یا محکمہ زراعت کے شعبہ اصلاحِ آبپاشی کی ویب سائٹ www.ofwm.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کریں۔
  • مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاحِ آبپاشی) کے دفاتر سے رابطہ کریں