جدید نظامِ آبپاشی کی تنصیب

یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ پانی فصلوں کی پیداوار کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کا بہترین استعمال دوسرے زرعی مداخل کی استعدادِ کار کو بھی بڑھاتا ہے۔ پنجاب کافی عرصے سے پانی کی کمی کا سامنا کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب دستیاب پانی کو بہتر طریقے سے استعمال نہیں کیا جا رہا۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب  کے  زیادہ پیداواری صلاحیت کے حامل وسائل سے فصلوں کی بہت کم پیداوار حاصل کی جا رہی ہے۔ جدید نظامِ آبپاشی پانی اور دیگر زرعی مداخل کی  استعدادِ کار کو بڑھانے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ٹیکنالوجی ہے جسے فصلوں کی پیداوار کے بیشتر مسائل کے حل لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔  

جدید نظامِ آبپاشی کی اقسام

ڈرپ، ببلر، روایتی سپرنکلر،رین گن، سینٹڑ پیوٹ وغیرہ سب کو جدید نظامِ آبپاشی کہا جاتا ہے جس میں پا نی کی ترسیل پانی کے ذریعہ سے استعمال کے مقام تک پائپوں کے ذریعے کی جاتی ہے۔ ڈرپ یا  ٹرکل نظامِ آبپاشی میں پودوں کو پانی پائپوں میں انتہائی چھوٹے سوراخوں کے ذریعے  قطروں کی صورت میں دیا جاتا ہے۔ببلر آبپاشی بھی کافی حد تک ٹرکل آبپاشی سے ملتی جلتی ہے سوائے مائکرو سپرنکلرز کےجو سپائکس کے اوپر جڑے ہوتے ہیں، جن کے ذریعے پودوں کو پانی مہیا کیا جاتا ہے۔ رین گن نظامِ آبپاشی میں پانی کو پائپوں کے ذریعے زیادہ پریشر پر پمپ کیا جاتا ہے اور کھیت کے اوپر سپرے کیا جاتا ہے۔

ڈرپ نظامِ آبپاشی

ڈرپ آبپاشی جسے ٹرکل/ مائکرواریگیشن بھی کہا جاتا ہے، پانی، کھاد اور دیگر زرعی مداخل کے لیے بہترین استعدادِ کار کی حامل ٹیکنالوجی ہے۔ اس کا بنیادی اصول   کھیت میں بچھائے گئے پلاسٹک پائپوں پر نصب کیے گئےمخصوص سوراخوں  کے ذریعے آبپاشی کے پانی کو پودے کی جڑوں تک آہستہ آہستہ، متواتر اور باقاعدگی  سے پہنچانا ہے۔فصل کو نشوونما کے تمام مرحلوں پر باقاعدگی سے اور وقت پر پانی اور زرعی مداخل کی فراہمی اور زمین میں مناسب نمی کی دستیابی سے فصل کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ڈرپ آبپاشی باغوں اور کھیلیوں پر کاشت کی جانے والی منافع بخش فصلوں مثلاً کپاس، مکئی، گنا ، سبزیوں وغیرہ کے لیے نہایت موزوں ہے۔یہ انتہائی اہمیت کی حامل ایجاد ہے جس سے آبپاشی کی استعدادِ کار کو 95 فیصد تک بڑھا کر پانی اور کھاد کا بہترین استعمال کیا جاسکتا ہے۔

 

سپرنکلر نظامِ آبپاشی

سپرنکلر نظام آبپاشی یا ’’اوور ہیڈ اریگیشن‘‘ میں فصلوں/زمین پر بارش کی طرح سپرے کیا جاتا ہے ۔ایک سپرنکلر یونٹ الیکٹرک یا ڈیزل پمپنگ یونٹ ، پورٹ ایبل یا زمین میں دبائی گئی مین پائپ لائن ،  طے شدہ فاصلے پرہائڈرنٹس  اور ہائڈرنٹس یا ہوز سے متصل سپرنکلر یونٹس پر مشتمل ہوتا ہے۔ سپرنکلر نظام کو سپرے کے سٹائل  اور حرکت کے حساب سے کئی اقسام میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔

جدید نظامِ آبپاشی کی ڈائیگرام

 

لاگت کی تقسیم

حکومت جدید نظامِ آبپاشی کی تنصیب کے لیے کل لاگت کا 60 فیصد مہیا کر رہی ہے جبکہ بقیہ 40 فیصد کاشتکار خود ادا کرتے ہیں۔ مزید برآں،  مخصوص تکنیکی ضرورتوں کی بنیاد پر، اگر ضروری ہو تو، حکومت آبی تالاب کی تعمیر کے لیے سکیم  کی کل لاگت کا 60 فیصد  مہیا کرتی ہے۔

مالی اعانت / فنی معاونت کا طریقہ کار

  • جاری منصوبے کے تحت اصلاحِ آبپاشی کی سرگرمیوں کے لیے مالی/ فنی معاونت حاصل کرنے کے لیے درج ذیل ہدایات پر عمل کریں۔
  • مجوزہ درخواست فارم ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاحِ آبپاشی)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (اصلاحِ آبپاشی)کے دفتر سے مفت حاصل کریں یا محکمہ زراعت کے شعبہ اصلاحِ آبپاشی کی ویب سائٹ www.ofwm.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کریں۔
  • مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاحِ آبپاشی) کے دفاتر سے رابطہ کریں۔