آبپاش سیکموں کی اصلاح

غیر نہری علاقوں میں آبپاش سکیموں کی اصلاح کا کام روایتی کھالاجات کی اصلاح سے مختلف ہے۔ زیادہ تر جگہوں پرپانی کی تقسیم کے لیے روایتی کچے کھالوں کی جگہ   پائپوں کا   نیٹ ورک بچھایا جاتا ہے۔ اگر کسی جگہ پر کھیت ذریعہ آبپاشی سے زیادہ بلندی پر واقع ہو تو وہاں پر پانی کو لفٹ کرکے کھیتوں کی آبپاشی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اجزاء

عام طور پر ،آبپاش اسکیم کے درج ذیل اجزاء شامل ہوتے ہیں:

  • پمپنگ آلات  کے ذریعے قدرتی نالوں اور نشیبی آبی تالابوں سے آبپاشی کا پانی اٹھانا
  • جی آئی اور  پی وی سی پائپوں کے ذریعہ بلندی پر واقع کھیتوں تک پانی پہنچانا
  • کھلےکھالوں  کے ذریعے کم یا مساوی بلندی والے کھیتوں کو پانی کی فراہمی
  • آر سی سی یا پی وی سی پائپوں کے ذریعے مختلف کھیتوں کوآبپاشی کے لیے منسلک کرنا
  • پانی کی تقسیم کے مقامات پر نکوں اور دوسرے ڈھانچوں کی فراہمی

ٹیوب ویل کے کھالاجات

غیر نہری علاقوں میں آب پاشی کے لیےزیرِ زمین پانی کو پمپ کرنے کے لئے بڑی تعداد میں ٹیوب ویل نصب ہیں۔ ان کے کھالاجات  ناہموار  یا ریتلی/ میرا زمین  میں سے گزرتے ہیں اوردورانِ ترسیل بہت زیادہ پانی ضائع ہوتا ہے۔ان علاقوں میں  رساو ٔ کے نتیجے میں بہت سا پانی ضائع ہوجاتا ہے۔ پانی کے اس  ضیاع کو کم کرکے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ کھال کی کی اصلاح کے لیے کھال کو مکمل طور پر مسمار کرکے انجینئرنگ ڈیزائن کے مطابق اس کی دوبارہ تعمیر کرتے ہیں۔پانی کے  ترسیلی نظامِ کی بہتری کے لیےدوبارہ  تعمیر کیے گئے کھالاجات کے مخصوص حصوں پختگی اور نکوں/ دوسرےضروری ر ڈھانچوں کی تنصیب کی جاتی ہے۔

   
غیر نہری علاقوں میں کھالاجات کی تعمیرو اصلاح
 

اصلاح  کا طریقہ کار

آب پاشی اسکیموں اور ٹیوب ویل کھالاجات کی بحالی/ ترقی کا طریقہ کار درج ذیل ہے:

  • اصلاحِ آبپاشی کا عملہ انجمنِ اصلاح آبپاشاں کو منظم کرنے  کے لیے آبپاش سیکم / کھال کے حصہ داران  کو متحرک کرتا ہے۔ یہ انجمن شعبہ  اصلاحِ آبپاشی اورانجمن اصلاحِ آبپاشاں کے آرڈیننس [ایکٹ] 1981 (ترمیم 2001) کے تحت رجسٹر کی جاتی ہے
  • انجمن اصلاحِ آبپاشاں کام کے معیار کو پرکھنے، کام کی نگرانی، کھالاجات کے لیے زمین کی فراہمی، اصلاح و پختگی اور نکوں/ڈھانچوں کی تنصیب کے لیے راج /مزدور کی فراہمی کے ساتھ ساتھ   تعمیراتی سامان کے لیے  سرکاری امداد سے زائد لاگت کی ادائیگی  کا انتظام کرتی ہے۔
  • کچے کھال کی  تعمیر کے بعد ، نکوں کی تنصیب کی جاتی ہے  اورپلیاں تعمیر کی جاتی ہیں۔
  • اس کے بعد کھال کے  انتہائی  اہم حصوں کی پختگی  کی جاتی ہے۔
  • اصلاحِ آبپاشی کا عملہ انجمن اصلاحِ آبپاشاں کو کھال کی تعمیری سرگرمیوں کے لئے تکنیکی مدد فراہم کرتا ہے۔اسسٹنٹ  ڈائریکڑ زراعت (اصلاحِ آبپاشی) کھال  پر متواتر دورے کرتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ فیلڈ عملہ باقاعدگی سے کاموں کی نگرانی کر رہا ہے اور مقرر کردہ معیار / تصریحات پر عمل پیرا ہے۔ مزید یہ کہ اسسٹنٹ  ڈائریکڑ زراعت (اصلاحِ آبپاشی) حتمی تصدیق کے لئے متعلقہ پڑتالی نمائندے کو تکمیلی رپورٹ پیش کرتا ہے۔

لاگت کی تقسیم

حکومت تعمیراتی سامان کی خرید کے لیے زیادہ سے زیادہ دو لاکھ پچاس ہزار روپے بطور مالی امداد  مہیاکرنے کے ساتھ ساتھ تکنیکی  رہنمائی بھی فراہم کرتی ہے جبکہ بقیہ اخراجات مستفید ہونے والے کاشتکار خود مہیاکرتے ہیں۔  

مالی اعانت / فنی معاونت کا طریقہ کار

  • جاری منصوبے کے تحت اصلاحِ آبپاشی  کی سرگرمیوں کے لیے مالی/ فنی معاونت حاصل کرنے کے لیے درج ذیل ہدایات پر عمل کریں
  • مجوزہ درخواست فارم ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاحِ آبپاشی)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (اصلاحِ آبپاشی)کے دفتر سے مفت حاصل کریں یا محکمہ زراعت کے شعبہ اصلاحِ آبپاشی کی ویب سائٹ www.ofwm.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کریں۔
  • مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاحِ آبپاشی) کے دفاتر سے رابطہ کریں